اسلام آباد (اے این این) سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے اجلاس کا بائیکاٹ ختم کرنے کیلئے چودھری نثار اپنا جواب واپس لیں، معافی کا مطالبہ نہیں کرتے۔ دہشت گردی سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کرکے ارکان کے جذبات مجروح کئے گئے، مسلم لیگ (ن) کے ارکان بھی آواز اٹھائیں، کسی شخص کو پارلیمنٹ یرغمال نہیں بنانے دیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چودھری نثار نے سینٹ میں دہشت گردی کے واقعات سے ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں غلط اعداد و شمار پیش کئے۔ چودھری نثار نے 136 واقعات میں 120 افراد کے مارنے جانے کی بات کی۔ جبکہ پشاور میں ہونے والے چار واقعات میں 187 افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا ہم معاملے کو بگاڑنا نہیں چاہتے اس لئے چودھری نثار اپنا جواب واپس لیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے بعض ارکان ہمارے پاس آکر سرگوشی میں تحفظات کا اظہار کرتے ہیں انہیں کھل کر بات کرنی چاہئے۔ کسی ایک آدمی کو پارلیمنٹ یرغمال نہیں بنانا چاہئے۔
سینٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کیلئے نثار اپنا جواب واپس لیں، معافی کا مطالبہ نہیں کرتے: اعتزاز
Nov 05, 2013