اسلام آباد (ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے چیئرمین تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ میڈیا سے اُلجھنے کی بجائے کچھ دنوں کیلئے ریحام کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ پارلیمنٹ میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ 2018ء کے عام انتخابات میں الیکشن جیت کر ایوان کا حصہ بنیںگے۔ پیپلز پارٹی میںمائنس ون فارمولا قبول نہیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف کی تنزلی شروع ہوگئی ہے، نوازشریف کو وزیراعظم کے بااختیار نہ ہونے کا تاثر زائل کر نا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست دان کی نجی زندگی کا معاملہ نجی نہیں ہمیشہ سیاستدانوں کا کردار عوامی ملکیت ہوتا ہے، سیاستدانوں کا کوئی عمل ذاتی نہیں ہوتا، عمران خان اور ریحام خان کی آئندہ زندگی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئین وزیراعظم کو بااختیار بناتا ہے، وزیراعظم یہ اختیارات استعمال نہیں کریں گے تو آئین کمزور ہوگا، سندھ میں شروع سے اب تک سکھر پیپلز پارٹی کا گڑھ رہی ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کر کے ان مخالفین کے منہ بند کر دیئے جو یہ سمجھتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اثر دیگر دو مراحل کے نتائج پر ضرور ہوگا، بلدیاتی الیکشن کے دوران سندھ اور پنجاب میں تحریک انصاف کو بری شکست ہوئی ہے۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا گراف بھی گرا ہے۔ الیکشن کمشن میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، سیاست دانوں کو الیکشن لڑنے سے روکا جارہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔
میڈیا سے اُلجھنے کی بجائے عمران بھی ریحام کی طرح کچھ روز باہر چلے جائیں: خورشید شاہ
Nov 05, 2015