لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا دورہ کشمیر مظلوم کشمیری مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ بھارت سرکار پاکستان سے بات چیت کیلئے تیار نہیں اور حریت قیادت کو مذاکرات کی دعوت دیکر دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اقتصادی پیکج کے اعلانات سے کشمیریوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کا احتجاج اور شدید ردعمل دیکھ کر بھارت سرکار کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ 7 نومبر کو نریندر مودی کی آمد پر کشمیری جماعتوں کے ملین مارچ کی تیاریاں اس امر کا اظہار ہیں کہ وہ شہداء کی سرزمین پر ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کا وجود برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ بھارت سرکارنے کشمیریوں کو احتجاج میں شامل ہونے سے روکنے کیلئے پورے کشمیرکو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ سید علی گیلانی سمیت پوری حریت قیادت کو نظربندکر کے ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔