”اک نئے موڑ پہ لے آئے ہیں حالات مجھے “

Nov 05, 2015

مظہر حسین شیخ

بہت سے امراداور ”بڑے آدمیوں “ نے آف دی ریکارڈ شادیاں کر رکھی ہیں جو منظر عام پر نہیں آئیں عمران خان نے دو شادیاں کی تھیں جو منظر عام پر ہیں۔ پہلی شادی 1995ءمیں جمائما خان سے جبکہ دوسری شادی ریحام خان سے 2015ءمیں کی، اور ابتداءمیں کسی مصلحت کی بنا پر اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جبکہ بعد ازاں باقاعدہ اعلان کیاگیا،شادی انتہائی سادگی سے ہوئی قریبی دوستوں کو بلایا گیا یہ شادی زیادہ دیر نہ چل سکی صرف نو ماہ اور بائیس دن تک رہ سکی۔جب کوئی عروج کو پہنچتا ہے ،قوم کا لیڈر بن جاتا ہے یاعوام میں شہرت حاصل کر لیتاہے توپھر عوام شہرت پانے والے کی خبروں میں گہری دلچسپی لینے لگتی ہےشہرت پانے والے نہ تو سرے عام چل پھر سکتے ہےں اور نہ ہی کسی پبلک مقام پربغیر سیکیورٹی کے جا سکتے ہےں،عوام بھی ان میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،جبکہ میڈیا بھی ان کی پل پل خبر رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
حال ہی میں عمران خان اور ریحام خان کی طلاق کے بارے میں خبریں اخبارات اور چینلز کی زینت بنتی رہیں عمران خان تقریباً ایک ہفتہ بعد منظر عام پر آئے اور کافی افسردہ دکھائی دے رہے تھے۔ ان کا فیصلہ غلط تھا یا صحیح یہ خدا ہی بہتر جانتا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ان کی نجی زندگی کے بارے سوال کیا گیا تو وہ غصے سے بھڑک اُٹھے چاہئے تو یہ تھا کہ وہ اس سوال پر خاموش رہتے، جس طرح مانچسٹر کی میڈیا کانفرنس کے دوران ریحام خان سے جو بھی سوالات کیے گئے انہوں نے کسی کا بھی جواب دینا مناسب نہ سمجھا ،ہاں البتہ اشارتاً یہ شکوہ یا گلہ ضرور کیا کہ چھکا یا چوکا مارنا کوئی بڑی بات نہیں کمال تو یہ ہے کہ کھلاڑی کے ساتھ مل کر سنچری بنائی جائے ہر کھلاڑی چاہتا ہے کہ وہ اپنی سنچری جلد از جلد مکمل کرے۔ ایک کھلاڑی سنچری کے قریب ہے تو مدمقابل کو اسے چانس دینا چاہیے نہ کہ خود سنچری بنانے کے چکر میں خودکلین بولڈ ہو جائے۔بہر حال یہ تو وہی جانتے ہیں کہ ان کے لیے بہتر کیا تھا۔ وہ جس نتیجہ پر بھی پہنچے خدا کی یہی مرضی تھی۔
ہر صحافی اندر کی خبر حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے، سو ایک صحافی نے بھی یہی کوشش کی، کیونکہ وہ اخبار کاملازم تھااور اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا،لیکن اس سوال پر دونوں کی دل شکنی ہوئی،عمران خان نے اپنا غصّہ نکال لیا اور ان کے رویے سے یہ بھی عیاںہو گیا کہ وہ ابھی تک افسردہ ہیں جبکہ دوسری طرف مانچسٹر میں ایک میڈیا کانفرنس کے دوران ریحام خان کا چہرہ بڑا ہشاش بشاش نظر آ رہا تھا۔ ان کے چہرے کے تاثرات سے یہ ظاہرہورہا تھا کہ وہ بالکل افسردہ نہیں ہیں۔
یہ سوال زد عام ہے کہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ساتھ یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی جمائما کو طلاق دے چکے ہیں اگر یہی سوال ریحام خان سے کیا جائے کہ ان کے ساتھ بھی یہ پہلا واقعہ نہیں تو زیادہ بہتر ہو گا۔

مزیدخبریں