لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈنے 46رنز پر 2وکٹیں گنوادی‘پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 8وکٹیں جبکہ انگلینڈ کو مزید238رنز درکارہیں ۔اس وقت کریز پر کپتان الیسٹر کک اور جو روٹ موجود ہیں۔آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز معین علی تھے جنھیں 22 کے انفرادی سکور پر شعیب ملک نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ شعیب نے ہی آئن بیل کی وکٹ بھی لی جو کوئی رن نہ بنا سکے۔پاکستانی بائولروں نے انگلش اننگز کے ابتدائی 18 اوورز میں ہی اپنے دونوں ریویوز ضائع کر دیے جب پہلے الیسٹر کک اور پھر جو روٹ کے خلاف امپائر کے ناٹ آؤٹ فیصلے کو تھرڈ امپائر نے برقرار رکھا۔اس سے قبل چوتھے دن چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 355 رنز بنا آؤٹ ہوگئی تھی۔دن کے پہلے سیشن میں پاکستان نے نائٹ واچ مین کی وکٹ کے علاوہ کوئی وکٹ گرنے نہیں دی تھی۔پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی تھی جو 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی نویں سنچری تھی۔ان کے علاوہ اسد شفیق نے 46، مصباح الحق نے 36 جبکہ سرفراز احمد نے 38 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انگلینڈ کے لیے سٹورٹ براڈ نے تین، جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں لیں جبکہ عادل رشید، سمت پٹیل اور معین علی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے‘دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔اس میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور اسے پاکستان پر 72 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔