’’غیر ملکی سرمایہ کاری کسی بھی ملک کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے ‘‘

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد اور لاہور میں منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ اس ایونٹ کو ہر حوالے سے معنیٰ خیز بنانا بہت ضروری ہے کیونکہ غیرملکی سرمایہ کاری کسی بھی ملک کے معاشی استحکام میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری آنے سے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا جبکہ معیشت کو تقویت ملے گی، نئے منصوبے شروع ہونگے اور روزگار کے نئے مواقع نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات متعارف کرواکر غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہت اچھا پیغام دیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر معاشی سرگرمیوں اور مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت کو چاہیے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے نجی شعبے کی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کرے۔ براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کی صورتحال پاکستان کے وسائل اور صلاحیتوں کی عکاسی نہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ماضی قریب میں غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی نے معاشی نشوونما کو بْری طرح متاثر کیا جس کے اثرات ابھی تک موجود ہیں، اگرچہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے مگر ضروری ہے کہ ملک کو سرمایہ کاروں کے لیے جنت بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن