چھوٹے کاشتکاروں کو فنڈز کی فراہمی زرعی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گی: عائشہ غوث

Nov 05, 2015

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے پنجاب کسان پیکج سے متعلقہ اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو فنڈز کی فراہمی زراعت کے میدان میں بڑی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کی اراضی پر چاول اور کپاس کی کاشت کرنے والے کسانوں کوفی ایکڑ کے حساب سے پانچ ہزار روپے کی ادائیگی کم لاگت سے زیادہ پیدا وار کے حصول کا ذریعہ بنے گی۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ کسان پیکج کے تحت فنڈز کی تقسیم کے لئے پنجاب کے 33 اضلاع میں 166سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں ون ونڈ آپریشن کے تحت پنجاب انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بورڈ، اربن یونٹ ، نادرا اور متعلقہ بینکوں کے نمائندگان کسانوں کو فنڈز کی وصولی کے لئے ہر طرح کی خدمات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 341 ارب روپے کا یہ پیکج غریب کاشتکاروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہو گا۔

مزیدخبریں