کابل(اے پی پی+اے ایف پی+ صباح نیوز) افغانستان کے صوبہ فریاب میں سڑک کنارے بم دھماکے کی زد میں باراتیوں کا قافلہ آ گیا جس سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ جبکہ شمالی صوبہ قندوز میں فورسز کے آپریشن اور فضائی حملوں میں طالبان کے شیڈو گورنر سمیت13عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مزید برآں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں افغان ٹی وی کا رپورٹر نعمت اللہ ہلاک ہو گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز خوسہ قلعہ میں خوشیاں مناتے ہوئے اپنے گھر جانے والا شادی کا قافلہ پل بھر میں چیخوں اور سسکیوں میں بدل گیا۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ صوبائی پولیس ترجمان کے مطابق شادی کے قافلے کو ہدف بنا کر نشانہ بنایا گیا۔ تاہم یہ تخریب کاری کا واقعہ نہیں ہے۔ کسی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے۔ دریں اثنا شمالی صوبہ قندوز میں حکام نے آپریشن اور فضائی حملوں میں طالبان کے شیڈو گورنر سمیت13عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔یہ کارروائیاں صوبائی دارالحکومت کے قریب کی گئیں۔مرنے والوں میں طالبان کے شیڈو گورنر بھی شامل ہے۔ واضح رہے قندوز میں 2 روز قبل اتحادی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں 30شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ ادھر گزشتہ روز ہلمند میں افغان میڈیا کیلئے کام کرنے والے صحافی جارہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک ٹی وی رپورٹر ہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔ہلمند میں ان دنوں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
افغانستان
افغانستان : بارات پر حملہ‘ بمباری 11 شہری 13 طالبان ہلاک
Nov 05, 2016