لاہور+نئی دہلی( کامرس رپورٹر+خصوصی نامہ نگار+اپنے نگامہ نگاسے+نمائند گان +اے ایف پی) زہریلی دھند کا سلسلہ گزشتہ روز بھی بر قرار رہا جبکہ دھند کے باعث ٹریفک کے حادثات میں مزید11افراد جاں بحق اور16زخمی ہو گئے ۔زہریلی دھند نے صوبائی دارالحکومت سمیت بالائی علاقوں کے بعد پنجاب کے دیگر علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔زہریلی دھند نے لوگوں کی زندگی عذاب بنا دی اور نظام زندگی مفلوج کر دیا۔زہریلی دھند کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہزاروں لوگ مختلف بیماریوں کے باعث ہسپتال پہنچ گئے، جبکہ چھوٹے بچے اور بوڑھے افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا۔ آنکھوں میں چھبن اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات رہیں۔ بچوں اور معمر افراد سمیت سینکڑوں افراد گلے کی انفکشن ، فلو، نزلہ، زکام، دمہ کا شکار ہو گئے۔گزشتہ روز صرف12گھنٹوں میں لاہور کے ہسپتالوں میں1200سے زائد مریض پہنچے جن سانس، دمے نمونیاں اور ارجی کے مریض شامل ہیں۔ سکولوں میں حاضری کی تعداد کم رہی، صوبائی دارالحکومت میں لوگوں نے اورنج ٹرین سمیت دیگر تعمیراتی منصوبے سموگ کے خاتمے تک بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لاہورمیں بھی زہریلی دھند نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی اور ہڑپہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ حادثے میں2طالبعلم بہن بھائی دم توڑ گئے ۔ آئی این پی کے مطابق بہاولپور ایل پی نیشنل ہائی وے پر مسافر خانہ اڈا کے قریب تیز رفتار ٹرک اور مسافر ویگن میں تصادم سے 4مسافر جاں بحق اور14زخمی ہو گئے۔رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں ایک فوجی جوان جاں بحق ہو گیا۔اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی میں زہر آلودگرد و غبار اور فضائی آلودگی کے باعث1800پرائمری سکول بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے گزشتہ چند سالوں میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی کے باعث سکول بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس سے9لاکھ سے زائد پرائمری سکولوں کے بچے متاثر ہوں گے۔ شیخ پورہ سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2افراد دم توڑ گئے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے کالا خطائی روڈ پر ویگن اور کار کے تصادم میں کار سوار عبدالحق جاں بحق اور اسکے تین ساتھی زخمی ہو گئے، خانقاہ ڈوگراں کے قریب موٹر سائیکل سوار محمد خالد ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا۔تحریک انصاف نے پنجاب بھر میں کلین ایئر ایکٹ کے نفاذ کے لئے فوری قانون سازی کے مطالبے پر مبنی قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی۔ رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی طرف سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی سموگ ، گرد و غبار ، دھواں اور کیمیکلز پر مشتمل ہے جو انسانی صحت کے لئے نہایت مضر ہیں۔ مزید براں لاہور ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں ہائیکورٹ کے ججوں کے درمیان کل 6نومبر بروز اتوار ہونیوالا نمائشی کرکٹ میچ سموگ کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے، نمائشی میچ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔یہ نمائشی میچ جمخانہ کرکٹ گرائونڈ میں صبح 10بجے شروع ہونا تھا۔بی بی سی کے مطابق خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ چار دن پہلے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی مشیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں دھوئیں اور گرد و غبار سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال بر قرار رہی تو فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کار خانوں اور بھٹیوں کو بند کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو صورتحال یکم اور دو نومبر کو تھی اس کی نسبت اب لاہور میں صورتحال قدرے بہتر ہے۔ تا ہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سموگ کا دائرہ لاہور اور گردو نواح تک محدود نہیں اور یہ سفر کرتے ہوئے ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچ چکا ہے۔ دھوئیں اور گردو غبار کی لہر کا مرکز بھارت ہے اس جانب چاول کی کاشت مکمل کرنے کے بعد کھیتوں میں آگ لگانے کا عمل بھی ایک عنصر ہے جس کے باعث اس کی تہہ بن چکی ہے جسے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چک نمبر 76 گ ب کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے تھانہ ستیانہ کے دو کانسٹیبل مبارک علی اور محمد رفیق جاں بحق ہو گئے۔ دونوں ایگل سکواڈ میں تھانہ ستیانہ میں تعینات تھے۔
زہر آلود دھند برقرار، ٹریفک حادثات میں مزید11 افراد جاں بحق
Nov 05, 2016