لاہور )کامرس رپورٹر( بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ مرمت کے نام پر بھی بجلی بند رہی۔ پی ایس او کی جانب سے تیل کی سپلائی میں مزید کمی کے بعد حکومت نے ارسا کو ہدایت کرکے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں ایک بار پھر اضافہ کرا دیا ۔پی ایس او کی جانب سے تیل کی سپلائی میں کمی کی وجہ سے گزشتہ روز تھرمل کی پیداوار مزید کم ہو گئی۔ اس صورت حال کو کنٹرول کرنے کےلئے حکومت نے فوری طور پر ارسا کو ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کی ہدایت کی ۔ ارسا نے منگلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں 15 ہزار کیوسک کا اضافہ کیا ہے ۔ جس سے ہائیڈل کی پیداوار بڑھ گئی ۔تھرمل کی پیداوار میں کمی اور ہائیڈل کی پیداوار میں اضافہ کے باعث شارٹ فال پہلے کی سطح پر برقرار رہا جس کے باعث لوڈ شیڈنگ اور مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ مرمت کے نام پر سب ڈویژنوں میں دو دو فیڈرز بند رکھے گئے ان فیڈرز والے علاقوں میں بعد ازاں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔
لوڈ شیڈنگ جاری