24 گھنٹے میں نثار کی 2 ملاقاتیں،اسلام آباد بند کرنے کی سازش ریاست پر حملے کے مترادف تھی: شہباز شریف

Nov 05, 2016

لاہور/اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے 24 گھنٹوں میں شہبازشریف سے دوسری ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا دونوں رہنماؤں نے حالیہ دھرنے کی ناکام کوشش اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جمعہ کی ملاقات جمعرات کی ملاقات کے تسلسل میں ہوئی شہبازشریف نے نثار کو عمران خان کا دھرنا ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری ملاقات نے سیاسی حلقوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے اور ان ملاقاتوں کے بارے میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ ان کا امور مملکت سے گہرا تعلق ہے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں سیاسی و سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے گورنر خیبرپی کے کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات میں کہا پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔ پاکستان تبھی آگے بڑھے گا جب چاروں اکائیاں ترقی کریں گی۔ ضد اور ذاتی انا کی منفی سیاست پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام نے اسلام آباد لاک ڈائون کی دھمکی دینے والوں کی منفی سیاست کا لاک ڈائون کر دیا ہے۔شہباز شریف سے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا انتشار اور ہٹ دھرمی کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ اسلام آباد کو بند کرنے کی سازش ریاست پر حملے کے مترادف تھی۔ پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنوں سے لاتعلق رہ کر ملک کی ترقی کیخلاف سازش کو ناکام بنایا ہے۔ دھرنوں کے شوقین عناصر نے قوم کے بچوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا رکھا تھا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہماری ا ولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں۔ ہم ترکی کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ سب کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے محرم الحرام اور گزشتہ دنوں مظاہروں کے دوران امن عامہ کی فضا یقینی بنانے پر کابینہ سب کمیٹی، پولیس اور انتظامیہ کو شاباش دی۔ انہو ںنے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔شہبازشریف سے ممبر لارڈ نذیر احمدنے بھی ملاقات کی۔لارڈنذیراحمد نے اس موقع پرصوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی پروگرام پر عملدر آمد کرنے اورغیر معمولی رفتارسے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی شاندارکارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ایم این اے پرویز ملک اورایم این اے شائستہ پرویز ملک کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔

مزیدخبریں