اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے بچوں کا جواب پیر کو جمع کرادیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں مصدق ملک نے کہا کہ اٹارنی جنرل وزیراعظم کا کیس نہیں لڑ رہے۔ وزیراعظم کے اپنے وکیل کیس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے لیگل ٹیم سے کہا تھا کہ دائرہ سماعت کو چیلنج نہیں کروں گا۔ اٹارنی جنرل عدالت کی معاونت کر رہے ہیں۔ کسی بھی کیس میں عدالت انہیں طلب کر سکتی ہے۔ وزیراعظم نے زمین خرید کر بیٹی کو تحفے میں دی تھی۔ مریم نواز ہر سال باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ وہ سالانہ 24سے25 لاکھ ٹیکس دیتی ہیں۔ پانامہ کا معاملہ عدالت میں ہے، وزیراعظم پانامہ کیس کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی اہلیہ مریم صفدر کی کوئی آف شور کمپنی نہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مریم صفدر پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عدالت سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستیں خارج کرنے کی درخواست کی ہے۔جواب میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان کے خلاف جھوٹا الزام عائد کیا ہے۔ میری نا اہلی کے لیے بھی عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو کوئی ریفرنس نہیں بھیجا میری انتخابی اہلیت کو انتخابات سے قبل چیلنج نہیں کیا گیا۔ الیکشن کے بعد آرٹیکل کا سکوپ نااہلی کے حوالے سے انتہائی محدود ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ میں انتخابی اہلیت کے حوالے سے سوال اٹھانا آئین کے آرٹیکل 225 کی خلاف ورزی ہے۔ انتخابی عمل کے دوران انہوں نے مکمل تفصیلات الیکشن کمشن کو فراہم کی تھیں۔انہوں نے اپنی اہلیہ کی ٹیکس ریٹرنزکے حوالے سے تفصلات عدالت میں جمع کرائیں اور کہا کہ جن اثاثوں کا الزام مریم پر لگایا گیا وہ مریم کی ملکیت نہیں، ٹیکس ریٹرنز میں مریم نے تمام اثاثے ظاہر کیے اس لیے بے بنیاد درخواستوں کو خارج کیا جائے۔
وزیراعظم کے بچے پرسوں موقف جمع کرائیں گے: مصدق ملک، مریم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں: کیپٹن (ر) صفدر کا عدالت میں جواب
Nov 05, 2016