لاہور( نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات سے نیوزی لینڈ کے لئے روانہ ہوگئی۔نیوزی لینڈ کے مختصر دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ کھیلنے ہیں ، پہلا ٹیسٹ سترہ نومبر کو کرائسٹ چرچ جبکہ دوسرا 25 نومبر سے ہملٹن میں کھیلا جائیگا۔ٹیسٹ میچز سے قبل 2 وارم میچز بھی کھیلے جائیں گے ،نیوزی لینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان ٹیم مکمل سیریز کے لئے آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی۔پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ انجری کا شکار سپنر مچل سینٹنر سے محروم ہو گئی ہے۔ناردرن ڈسٹرکٹ کے ساتھ ٹریننگ کے دوران 24 سالہ سپنر کے الٹے ہاتھ پر گیند لگی جس کے سبب ان کی کلائی فریکچر ہو گئی اور ان کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت بھی مشکوک ہے۔نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ سینٹنر کے شاندار دورہ بھارت کے بعد ہوم گراؤنڈ پر رواں سیزن میں پہلے میچ سے قبل انجری کا شکار ہونا مایوس کن ہے۔ ہمیں ابھی معلوم نہیں کہ سینٹنر دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب ہوں گے یا نہیں لیکن ہم ان کی انجری کی بحالی کا بغور معائنہ کرتے رہیں گے تاکہ ان کی جلد از جلد ٹیم میں واپسی یقینی بنا سکیں۔
قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ چلی گئی‘ میزبان ٹیم کے سپنر مچل سینٹنر زخمی
Nov 05, 2016