وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر میں ہونے والے کار بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سانحہ میں ضائع ہونے والی قیمتی انسانی جانوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اپنے برادر ملک ترکی میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسردہ ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری دعائیں بہادر خاندانوں کے ساتھ ہیں اور حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہولناک حملے ناقابل برداشت ہیں۔ دہشتگردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔