صدر آزادکشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر دانستہ جنگی صورتحال بنا رہا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے گھناﺅنی حرکتیں کر رہا ہے۔ عالمی طاقتوں اور بھارت کے درمیان معاشی معاہدے مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہیں ۔ اقوام متحدہ اورعالمی برادری کا محتاط رویہ افسوسناک ہے۔ صدر آزادکشمیر مسعود خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایل او سی پر دانستہ جنگی صورتحال بنا رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے یہ سب کر رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ناروے اور برطانیہ کا دورہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مفید رہا اور عالمی برادری کی مکمل توجہ کیلئے کوششیں تیز کی جارہی ہیں۔مسئلہ کشمیر بین الاقوامی تنازعہ ہے۔مسئلہ کو عالمی قوانین،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،کشمیریوں کی پرامن اور غیر مسلح تحریک کو دہشتگردی سے منسوب نہیں کیاجاسکتا۔کشمیر کسی طور پر بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے جسم کا حصہ ہیں کسی بھی طور پر خود کو تنہا نہ سمجھیں۔