سندھ آرٹسٹ ایگزیبیشن کا آغاز‘122 مصوروں کے فن پارے شامل

کراچی ( کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں سندھ آرٹسٹ ایگزیبیشن 2017ءکا افتتاح ہفتہ کی شام منظر اکبر ہال میں کردیاگیا جس میں سندھ بھر کے 122مصوروں کے فن پاروں کو شامل کیاگیا ہے۔ نمائش منگل تک جاری رہے گی۔ مصوروں نے اپنے فن پاروں میں سندھ کی ثقافت اور تاریخ کو نمایاں کیا ہے اوّل ، دوم اور سوئم انعام حاصل کرنے والے آرٹسٹوں کو سرٹیفکیٹ اور سند انعام دیاگیا۔ جن میں پہلا اشفاق علی، دوم سلمان احمد اور سوئم انعام عاصمہ عاصم نے حاصل کیا۔ ممتاز دانشور انور مقصود نے آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کے ہمراہ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور آرٹس کونسل کے ممبران گورننگ باڈی آرٹسٹوں ، مصوروں اور معززین شہرکی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انور مقصود نے کہاکہ سندھ بہت ہی خوبصورت خطہ ہے اس کی ثقافت کے کئی رنگ ہیں جو ان تصاویر میں نظر آتے ہیں میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ان تمام تصویروں میں رنگ ہی نہیں بہترین پیغام بھی ہے۔ آرٹس کونسل آئے دن آرٹسٹوں اور آرٹ کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کرتی ہے مگر آج کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پورے سندھ کی ثقافت کو نمایاں اور سندھ کے مصوروں کو اپنے فن کو عوام کو دکھانے کا موقع فراہم کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل اور آرٹسٹوں نے جتنی ترقی کی ہے۔ سرکاری اداروں اور محکموں نے بھی ایسی ترقی کی ہوتی تو عوام کو بڑی سہولت ہوتی۔

ای پیپر دی نیشن