پہلی سہ ماہی، حکومت کی طرف سے غیرضروری اور پرتعیش قرار دی جانے والی درآمدات میں 20 فیصد اضافہ

Nov 05, 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) بجٹ کے بعد مزیدٹیکس عائد کرنے کے باوجود رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حکومت کی طرف سے غیر ضروری اور پر تعش قرار دی جانے والی درآمدات میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکومت نے تجارتی خسارے کو کم کرنے کے پیش نظر بجٹ میں گاڑیوں،کھانے پینے کی تیار اشیا، کاسمیٹکس، گھریلو برقی آلات،جیولری سمیت 565 درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی یا اس کی شرح میں اضافہ کیا تھالیکن مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کم ہونے کی بجائے نئے ٹیکس والی اشیا کی درآمدات کا حجم ساڑھے چار ارب ڈالر کے قریب رہا جو اس عرصے کے تجارتی خسارے کا تقریباً 50 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران ساڑھے 15 ارب روپے کی کاریں درآمد کی گئیں جو گزشتہ سال سے 100 فیصد زیادہ ہیںاسی طرح جولائی سے ستمبر تک ڈیری مصنوعات، پھل، ڈرائی فروٹ، تیار شدہ کھانوں، مشروبات وغیرہ کی درآمد کا حجم 100 ارب روپے کے قریب رہا، 35 ارب روپے کے موبائل فون اور ان کے آلات درآمد کیے گئے جو پہلے سے 31 فیصد زیادہ ہیں جبکہ درآمد کی جانے والی کاسمیٹکس، قیمتی پتھر، آرٹیفیشل جیولری دوسرے گھریلو سامان کی مالیت 53 ارب روپے سے زائد ہے۔

مزیدخبریں