خطے میں القاعدہ کا خاتمہ پاکستان کی کوششوں اور دیگرملکوں کے تعاون سے ممکن ہوا: ملیحہ لودھی

Nov 05, 2017

نیویارک( آن لائن )اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ خطے میں القاعدہ کاخاتمہ پاکستان کی کوششوں اور دیگر ملکوں کے تعاون سے ممکن ہوا۔ دہشت گردی اورسائبرکرائم جیسے خطرات کوئی ملک تنہا دورنہیں کرسکتا۔ ملیحہ لودھی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ان کا مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی بنانے کا نظریہ عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔غیر ملکی نیوز ایجنسی کو دیئے گئے۔ انٹرویو میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا چینی صدر کا نظریہ صرف چند نہیں بلکہ تمام اقوام کی خوشحالی اورترقی کا سبب بنے گا۔انہوں نے کہا ایک دوسرے سے جڑی دنیامیں کوئی بھی ملک یا ملکوں کا گروہ سیکیورٹی کے مسائل، دہشت گردی اور سائبر کرائم جیسے خطرات کو دور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 3 براعظموں اور 60 ممالک پر پھیلا چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ساڑھے 4 ارب افراد کے لیے ہے اور اقتصادی راہداری سے چین، جنوب اور وسط ایشیا کے 3 ارب افراد کو بھی فائدہ ہوگا۔ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا علاقائی رابطے، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے سے اربوں افراد کی زندگی بہتر ہوگی۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو پاکستان کے لیے 'گیم چینجر' قرار دیا جارہا ہے۔ 50 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے اس میگا پراجیکٹ کے تحت سڑکوں، ریلویز اور توانائی کے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
ملیحہ لودھی

مزیدخبریں