لاہور ( کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک اور لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے غلام جیلانی پارک میں لبارڈ میلہ 2017ء کا افتتاح کردیا جس میں ذیشان خلیل، شائستہ پرویز ملک، احمر ملک، سعید خان، بائو بشیر، شاہد نذیر، اعلیٰ سرکاری حکام اور پانچ ہزار سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر پرویز ملک، جو لبارڈ کے صدر بھی ہیں، نے کہا کہ روشن مستقبل ان ہی قوموں کا نصیب بنتا ہے اور جو معاشرے کے تمام حصوں بالخصوص خصوصی افراد کا خیال رکھتے ہیں تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا کردار قابل ستائش ہے جو اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور خصوصی افراد کی بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے پرویز ملک نے کہا کہ لبارڈ کی خدمات کو آگے بڑھانے میں لاہور چیمبر گرانقدر کردار ادا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لیے مختص کوٹہ کے قانون پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہیے۔ انہوں کہ لبارڈ کا جذبہ خدمت سب کے لیے مشعلِ راہ اور یہ خود اس قسم کے دیگر تمام اداروں کے لیے مثال ہے جس کی انہیں تقلید کرنی چاہیے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ وہ لبارڈ کی گورننگ باڈی کے تمام اراکین خاص کر لبارڈ کے صدر محمد پرویز ملک کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ لبارڈ کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں انہوں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ میلہ میں خصوصی افراد کے لیے بالکل مفت بہت سی تفریحات کا بندوبست کیا گیا تھا۔