ڈھاکہ (اے پی پی) بنگلہ دیش پریمیئر ٹی ٹونٹی لیگ شروع ہو گئی، سلہٹ سکسرز نے ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو افتتاحی میچ میں 9 وکٹوں سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا، فاتح ٹیم نے 137 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، اپل تھرنگا اور آندرے فلیچر نے شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، تھرنگا 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ فلیچر 63 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ہفتہ کو بی پی ایل کے افتتاحی میچ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کمار سنگاکارا 32 اور ایون لیوس 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، ناصر حسین، ابوالحسن اور لیام پلنکٹ نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں سلہٹ سکسرز نے مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور کی پانچویں گیند پر محض ایک کھلاڑی کے آئوٹ ہونے پر پورا کیا، تھرنگا 69 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے اور فلیچر نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔