ملتان (نامہ نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہا ہے کہ حکمران جماعتوں نے احتساب قانون اپنی مرضی کا قانون بنا کر کرپشن‘ لوٹ مار‘ اختیارات کا ناجائز استعمال کو تحفظ دینے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائے گی۔ غریب کے خون پسینے کی کمائی کی حفاظت اور کرپٹ مافیا کے موثر احتساب کے لئے عوام کو متحرک کریں گے۔ جماعت اسلامی ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔ کارکنان اپنی جدوجہد کو تیز کریں اور جماعت اسلامی کے پیغام کو ایک ایک فرد تک پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مدرسہ جامع العلوم میں ملتان ڈویژن‘ بہاولپور ڈویژن کے زونل امراء کی ایک پروقار تقریب حلف برداری اور لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صوبائی نائب امراء شیخ عثمان فاروق‘ مولانا جاوید قصوری‘ محمدانور گوندل‘ مولانا فاروق‘ فاروق چوہان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی ایک منظم جمہوری‘ انقلابی جماعت ہے جو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخابات کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے اس کے خاتمے کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے چوروں‘ لٹیروں کی نیندیں اڑا دی ہیں پانامہ میں شامل تمام کرپٹ لوگوں کا بلاامتیاز کڑا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپٹ لوگوں کو چوکوں‘ چوراہوں پر لٹکائے گی لوٹی ہوئی دولت واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروائے گی۔ قبل ازیں میاں مقصود احمد جماعت اسلامی کے رہنما گلزار احمد بٹ کے انتقال پر تعزیت کے لئے صوبائی نائب امیر انور گوندل‘ ملک محمد رمضان روہاڑی‘ ضلعی امیر میاں منیراحمد بودلہ‘ کنور محمد صدیق کے ہمراہ مرحوم کی رہائش گاہ پر جا کر مرحوم کے صاحبزادے رضوان بٹ و دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا کی۔