لاہور (خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم نشرواشاعت مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولاناعلیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم، پیررضوان نفیس، مولانا سیدضیاء الحسن شاہ، مولانا مسعوداحمد، مولانا عبدالعزیز نے لاہور مرکزختم نبوت میں تحفظ ناموس رسالت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ کی رہائی کے فیصلے پر کفری طاقتوں کی خوشی لمحہ فکریہ ہے ۔علماء نے کہا کہ فیصلہ تحفظ ناموس رسالت کے حق میں ہوتا تو مغرب و عالم کفر خوشیوں کے شادیانے ہرگز نہ بجاتا ۔مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں نے امریکہ و مغرب کی جانب سے ختم نبوت وتحفظ ناموس رسالت ایکٹ کیخلاف ہرزہ سرائی اور انکے خاتمے کا شیطانی مطالبہ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے مداخلت فی الدین قراردیا ہے اور کہا ہے کہ مغرب کی جانب سے ایساکوئی بھی مطالبہ درحقیقت پاکستان کے اندرونی و دینی معاملات میں کھلی مداخلت اور عالمی قوانین کے بھی خلاف ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔علماء نے کہا کہ ہماری زندگیاں ناموس مصطفےؐ کی امانت ہیں ۔ ختم نبوت پر جانیں قربان کرنا اعزاز ہے۔ تحفظ ناموس رسالت کے لئے جدوجہد کرنا شدت پسندی نہیں عشق رسول ؐکا اظہار ہے۔ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو سکتے۔ عشق رسولؐ مسلمانوں کا قیمتی ترین اثاثہ ہے۔ عشق رسولؐ کا شعلہ مسلمانوں کے قلب میں حرارت ایمانی کو ٹھنڈا نہیں ہونے دیتا۔ موجودہ حکمران بھی پرانے حکمرانوں کی روش پر چل پڑے ہیں۔ ملک کو سیکولر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتیں پاکستان کے حالات خراب کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں ۔حکومت توہین رسالتؐ کے مجرموں کو ریلیف دینے کی بجائے پھانسیوں پر لٹکایا جائے ۔
آسیہ کیس فیصلہ پر عالم کفر کے شادیانے لمحہ فکریہ ہے:مولانا عزیزالرحمن
Nov 05, 2018