لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 47رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا ۔ پاکستان کی یہ مسلسل آٹھویں میچ میں کامیابی ہے ۔ گرین شرٹس نے مسلسل گیارہویں سیریز اپنے نا م کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے بابر اعظم کے 79 اور محمد حفیظ کے ناقابل شکست 53 رنز کی بدولت3وکٹوں پر 167رنز کاسیریز کا سب سے بڑ امجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز اوپن کی، پہلی وکٹ 29 کے سکور پر گری، فخر زمان 11 رنز بناکر فرگوسن کا شکار بن گئے۔بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ پر 94 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی،اس دوران بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی،وہ آوٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین تھے۔بابراعظم 79 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔گرین شرٹس کی تیسری وکٹ154 کے سکور پر گری،شعیب ملک 19 رنز بناکر آوٹ ہوئے،انہیںفرگوسن کی مدد سے گرینڈ ہوم نے اپنا دوسرا شکار بنایا۔چوتھی وکٹ پرآصف علی اور محمد حفیظ نے 12 رنز بٹورے، محمد حفیظ پاکستانی اننگز کے دوسرے نصف سنچری میکر رہے، وہ 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے گرینڈ ہوم نے 2 اور فرگوسن نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ہدف کے تعاقب میں کیویز ٹیم 119رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ فلپس چھبیس ‘کولن منرو دو ‘گرینڈ ہوم چھ ‘کین ولیم سن 60‘مارک چیپ مین دو ‘روس ٹیلر سات ‘سیفرٹ صفر ‘ٹم ساﺅتھی صفر فرگوسن ایک اور رانس ایک رن بناکر آﺅٹ ہوئے ۔ ایش سوڈھی گیارہ رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔ شاداب خان نے تین ‘عماد وسیم اور وقاص مقصود نے دو دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا ۔ بابر اعظم کو میچ اور محمد حفیظ کوسیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان کی طرف سے وقاص مقصود نے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا ۔ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں سالگرہ کے دن ڈیبیو کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ سات اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ میچ