اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم نے اپنا خواب مشن پرواز مکمل کرلیا ہے جس کے بعد وہ دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے مشن مکمل کرنے کی خوشخبری سب کو ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام کے ذریعے دی۔فخر عالم کا کہنا تھا کہ انہوں نے 24 دن میں 22 ممالک کا سفر کیا ہے اور اب وہ واپس فلوریڈا پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے آفیشل طور پر کامیابی سے مشن پرواز مکمل کرلیا ہے۔فخر عالم نے پورے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا نام ہوا بازی کی تاریخ میں لکھا جا چکا ہے۔فخر عالم کو فلوریڈا میں ان کے قریبی دوست اور ایوی ایشن کے لوگوں نے مبارک باد پیش کی اور ان کے حوصلے وعزم کو سراہتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 22 اسٹاپس پر گئے ۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مشن پرواز کا خواب بھلے ان کا ہے لیکن یہ وطن عزیز سے منسلک ہے، اس کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت عکس پیش ہوگا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرز، انجینیئرز، گلوکار، سائنسدان اور ہوا باز سب موجود ہیں۔فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ وہ مشن پرواز کے ذریعے تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔