لیڈی ایچی سن ہسپتال میں آلات خراب ہونے کا تاثر درست نہیں: ترجمان محکمہ صحت

Nov 05, 2018

لاہور(نیوز رپورٹر)محکمہ صحت کے ترجمان نے میڈیا کے بعض حصوں میں پیش کئے جانے والے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ لیڈی ایچی سن ہسپتال میں آلات اور مشینیں خراب ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ لیڈی ایچی سن ہسپتال میں تمام آلات اور مشینیں چالو حالت میں ہیں۔زچہ بچہ کے علاج کے حوالے سے لیڈی ایچی سن ہسپتال ایک بڑا ہسپتال ہے جہاں اوسطاً روزانہ ڈیلیوری کے 40 سے 50 کیس کئے جاتے ہیں۔ رجسٹرڈ مریضوں کے علاوہ ایمرجنسی کیسوں کو بھی نمٹایا جاتا ہے۔ سٹاف کی کمی صرف اسی ہسپتال میں نہیں بلکہ دیگر ہسپتالوں کو بھی میڈیکل اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی کا سامنا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ محکمہ صحت نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 7ہزار ڈاکٹروں اور 2600نرسوں کی بھرتی کی ہے جن کی مرحلہ وار مختلف ہسپتالوں میں تعیناتی کی جارہی ہے۔ لیڈی ایچی سن ہسپتال میں بھی نئی تعیناتیاں کی جائیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے لئے ہیلپ ڈیسک بھی موجود ہے اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فوزیہ سید باقاعدگی سے کھلی کچہری لگاتی ہیں۔اس امر میں کوئی شک نہیں کہ لیڈی ایچی سن میں استعداد کار سے زیادہ مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ میڈیا میں حقائق کے برعکس خبروں سے اجتناب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں