اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر سیاستدا ن سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایک شخص نظام کو ڈسٹرب کر رہا ہے، وہ مسلسل ایسی بات کر رہا جس سے سیاسی نظام کو سپورٹ نہیں مل رہی۔خورشید شاہ نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ یہ سسٹم چلے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی ایسی تحریک چلانے کے موڈ میں نہیں جس سے نظام لپیٹا جائے، ایک صوبہ لپیٹ میں آیا تو سارا نظام لپیٹ میں آتا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی، جس سے سسٹم کو لپیٹا جائے، فواد چوہدری کی بات پر کیا تبصرہ کروں؟ کوئی سینئر پارلیمنٹیرین ایسی بات کرتا تو کچھ کہتا۔انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ تحریک انصاف کے لوگ ایسا کام کریں گے، مبینہ انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج (منگل کو)ہوگا۔خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ٹی او آرز بنیں گے تو ہی کمیٹی چلے گی۔