خیبر پی کے کیلئے آٹے کی ترسیل کرنیکا فیصلہ، یہ آزادی نہیں ’’ آہ وزاری‘‘ مارچ ہے: عثمان بزدار

Nov 05, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ریلیز کو اوپن کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کی آٹے کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ آٹے کی ترسیل کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مارچ کرنے والے عناصر کو عوام عام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے رد کرچکے ہیں۔ یہ آزادی نہیں بلکہ’’ آہ وزاری مارچ ‘‘ ہے۔کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی خاطر ایک بار پھر اکٹھا ہوا ہے۔ باشعور عوام ان عناصر کے واویلے کی حقیقت جان چکے ہیں اور انہوں نے مارچ سے لاتعلق رہ کر عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ افراتفری کی سیاست کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے، اب بھی ناکام رہیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے سفر کو منفی سیاست کی نذر کرنا دانشمندی نہیں۔ موجودہ حالات میں قوم کو تقسیم کرنے والے عناصر ملک کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔ نام نہاد آزادی مارچ پر پاکستان کے دشمن خوشیاں منا رہے ہیں۔ بری طرح ہارکر استعفیٰ مانگنے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تغیرات ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔ جس میںماحولیاتی آلودگی اورسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں کاشتکاروں کی فلاح و بہبود او ران کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ صوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیاگیا جبکہ گندم اور گنے کی امدادی قیمتوں پر نظر ثانی کے حوالے سے تجاویز کابھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ پہلے بھی کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔ شوگرمل مالکان گنے کے کاشتکاروں کو پکی رسید دیں گے۔ کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے کل 5 نومبر کو صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈا پر غور ہوگا۔

مزیدخبریں