بھارتی گجرات میں ریستوران مالک کا دلت نوجوان پر برہنہ کرکے ڈنڈوں سے تشدد

Nov 05, 2019

گجرات (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں دَلت نوجوان کو مبینہ طور پر ریسٹورنٹ کے مالک سے الجھنے پر برہنہ کرکے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق واقعہ احمد آباد کے سبَرمتی ٹول ناکے کے علاقے میں روڈ کنارے واقع ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں چند لوگوں کی جانب سے نوجوان کو برہنہ کرکے اس پر ڈنڈوں سے تشدد کرتے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب دو دلت نوجوان پَرگنیش پَرمار اور جیش ریسٹورنٹ پہنچے۔ سبرمتی پولیس سٹیشن کے انچارج آر ایچ والا کا کہنا تھا کہ 'ریسٹورنٹ کے مالک اور پرگنیش کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی جس کے بعد ریسٹورنٹ مالک اور چند دیگر افراد نے دونوں نوجوانوں کو ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کر دیا۔ 'انہوں نے کہا کہ مَہیش ٹھاکور اور شَنکر ٹھاکور کے خلاف مختلف قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ریسٹورنٹ کے مالک مہیش کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

مزیدخبریں