ہانگ کانگ (آن لائن) ہانگ کانگ میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں ایک چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے کئی لوگوں کو زخمی کرتے ہوئے 1 سیاست دان کا کان بھی چبا ڈالا۔ ہانگ کانگ میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں ایک چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے کئی لوگوں کو زخمی کر دیا ہے۔ خبر کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے مظاہروں کے دوران ایک شخص نے تین لوگوں کو چاقو کے وار سے زخمی کیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس شخص نے ایک مقامی سیاست دان کے کان کو اپنے دانتوں سے چبا ڈالا جس سے وہ لہولہان ہوگئے۔ حملہ آورکی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جو مختلف مقامی ٹی وی چینلز پر بھی نشر کی گئی۔ ویڈیو میں حملہ آور کو ہانگ کانگ کے ایک ضلعی کونسلر اینڈریو چیو کا کان چباتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس حملہ آور نے لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے البتہ بعد ازاں حملہ آور کو ہجوم نے پکڑ لیا اور پولیس کی آمد سے قبل اس پر شدید تشدد کیا۔ یہ تمام ہنگامہ آرائی اس وقت ہوئی جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ایک شاپنگ مال پر دھاوا بولا تھا جس سے وہاں مشتعل فضا پیدا ہو گئی۔ ہانگ کانگ کی حکومت نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگاموں میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ حکومت کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو بھلا کر پر امن رہیں اور قانون کی پاسداری کریں۔