لاہور(سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمبر ون پوزیشن 2019ء کے آخر تک محفوظ ہوگئی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہونے اور انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں شکست کے بعد اب اگر پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنے دیگر دونوں میچز بھی ہار جاتی ہے تب بھی وہ کم از کم جنوری2020ء تک ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود رہے گی۔اگر آسٹریلیا پہلا میچ جیتنے میں کامیاب رہتی اور سیریز کے تینوں میچز بھی اپنے نا م کرتی تو وہ مہمانوں کی جگہ سنبھال سکتی ہے، گرین شرٹس اس وقت 274 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں ،انگلینڈ 264پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ اعشاریائی پوائنٹس کے فرق سے آسٹریلیا کا 264 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے ، اگر تینوں میچز میں پاکستان کو مات ہوجاتی تو کینگروز 269 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہو جاتے اور یوں بابر الیون کو268 پوائنٹس کی وجہ سے دوسرے درجے پر جانا پڑ تا۔