پاک بحریہ میں کمشننگ: بحر مساح آپریشنل ضروریات کی تکمیل، جدید ہائیڈرو گرافی میں اہم پیشرفت: نیول چیف

Nov 05, 2019

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جدید ترین سروے شپ بحر مساح کی پر وقارکمیشننگ تقریب  پیرکے روز  پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ سروے بحری جہاز بحر مساح پاک بحریہ کے لئے چین میں تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے ملک کی بحری سرحدوں اور سمندری تجارتی راہداریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بحر مساح کی پاک بحریہ میں شمولیت جدید ہائیڈروگرافی اور میرین سائینسزکے شعبوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ جدید ترین آلات سے لیس بحری جہاز پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ملکی میری ٹائم شعبے میں ترقی کا باعث ہوگا۔ علاوہ ازیں دوست ممالک کو جدید ہائیڈروگرافک خدمات کی فراہمی میں بھی یہ جہازمعاون ثابت ہوگا۔ پاک چین شراکت داری پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی گہری اور لازوال دوستی لاثانی ہے جو ہمیشہ توقعات پر پورا اتری ہے اور پی این ایس بحر مساح جیسے جدید بحری جہاز کی پاک بحریہ میں شمولیت اس دوستی کی ایک اور مثال ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ پاکستان مکمل طور پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم اپنے لہو کے آخری قطرے تک ان کا ساتھ دیں گے۔ نیول چیف نے کہا کہ ہم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ 3000 ٹن وزنی اور 80 میٹر سے زیادہ طویل پاک بحریہ کا سروے بحری جہاز بحر مساح جدید ترین سروے آلات سے لیس ہے ۔ یہ جہاز ہائیڈرو گرافک، اوشنوگرافک، جیوگرافیکل سروے اور زیر سمندر زمین کے نقشوں کی تیاری کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں