لاہور (کامرس رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ماضی کے حکمران دعوے تو بہت کرتے رہے لیکن عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کبھی ان کی ترجیح نہیں رہی۔ دو بڑی پارٹیوں نے چالیس سال تک ملک پر حکومت کی لیکن عوامی مسائل جوں کے توں رہے۔ اپوزیشن کا بھان متی کا کنبہ بہت جلد بکھرنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا لاہور کے زیراہتمام موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیب کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ سینیٹرولید اقبال، ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ، وائس چیئرمین واساشیخ امتیاز محمود، ایم ڈی سید زاہد عزیز اور چیئرمین آبِ پاک اتھارٹی ڈاکٹرشکیل خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ اپوزیشن کو فکر ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری رہا تو اپوزیشن کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ اسی لئے پی ڈی ایم کے ذریعے منفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا گیا ہے۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی کے حوالے سے واسا لاہور پورے ملک کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ موبائل واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ لیب کا قیام اہل لاہور کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے تاریخ ساز قدم ہے۔