گلگت (آن لائن) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پر امن احتجاج کا ہر راستہ بند کردیا ہے۔ عوام اس حکومت کی نالائقی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ ملک میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر مہنگائی ہے۔ اس مہنگائی کا خاتمہ صرف پیپلزپارٹی ہی کر سکتی ہے۔ استور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں لوگوں سے روزگار چھینا جا رہاہے، یہ حکومت عوام کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے، یہ وہ جماعت ہے جو سبسڈی چھینتی ہے، انڈسٹری کیلئے بجلی کی قیمت کم کررہے ہیں، عام آدمی پر بوجھ ڈال رہے ہیں، آج عوام تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے زراعت تباہ کی اب کسانوں سے احتجاج کا حق بھی چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کی عوام کی خدمت کی ہے، ہمارا دور آیا تو گلگت بلتستان کو شناخت دی گئی، یہاں کے نوجوانوں کو ملک بھر کے اداروں میں نوکری دلوائی، میری آپ سے سے درخواست ہے کہ پیپلزپارٹی کو منتخب کرائیں ہم آپکی خدمت کریں گے، روزگار دلائیں گے، سڑکیں بنائیں گے، ٹنل بنائیں گے ۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان بھر میں ایک ہی جماعت ہے جو غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ و خاتمہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام آج تک غربت کا مقابلہ کررہا ہے۔ سات سال ہوگئے ہیں تنخواہوں میں اضافہ روک دیا گیا۔ سندھ حکومت نے تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا اور پنشن بھی بڑھائی، ہم باقیوں کی طرح عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔