لاہور+ اوکاڑہ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی جس میں صوبے میں سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ سہولتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے میں لیڈ لے رہا ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعظم کا صنعتی شعبے کے لئے خصوصی توانائی پیکیج سرمایہ کاری میں فروغ کا باعث بنے گا۔ سابق دور میں قومی سرمایہ اپنی جیبوں میں ڈالا گیا اور ملک کوکنگال کیا گیا۔ آج پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے سب سے محفوظ صوبہ ہے۔ سردار عثمان بزدار دفتر سے نکل کراچانک اوکاڑہ اور دیپالپورکے سہولت بازاروں کے دورے کئے، دیپالپور آمد کے بعد وزیراعلیٰ پولیس وین میں بیٹھ کر سہولت بازار پہنچے۔ مقامی اور ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ کی آمد سے قطعاً بے خبر تھی۔ شہری وزیراعلیٰ کو بغیر پروٹوکول اپنے درمیان دیکھ کر حیران ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے سہولت بازاروں کے انتظامات، اشیاء کے معیار اور نرخ کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے سہولت بازار کو تسلی بخش قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سے اوکاڑہ کے سہولت بازار میں ٹائیگر فورس کے جوانوں نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ رضاکارانہ طور پر عوامی خدمت سرانجام دینے پر انہیں سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے شہریوں کو مہنگائی سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی یا کمی برداشت نہیں کروں گا۔ سہولت بازاروں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے پولیس انوسٹی گیشن کمپلیکس سنٹرل ہیڈ کوارٹرکی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کے تحفظ کیلئے مخصوص موبائل ایپ ویمن سیفٹی ایپلیکیشن‘ ڈی ایچ اے میں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر اور گلشن راوی پولیس سٹیشن کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا اور پولیس میں 5700 بھرتیوں کی منظوری دی۔ اجلاس میں گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے قانون سازی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 101 تھانوں کو اراضی کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پنجاب میں پولیس کا اچھا نظام لانا چاہتے ہیں۔ پولیس عوام کہ بہترین سروس دے، تمام وسائل مہیا کریں گے۔ پنجاب میں ہر پولیس افسر کو میرٹ پر کام کرنیکی آزادی میسر ہے۔ پہلی مرتبہ انوسٹی گیشن کیلئے ضرورت کے مطابق فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ تاکہ عوام کی مشکلات اور پولیس میں رشوت کا خاتمہ ہو۔ ہم نے وسائل دیئے، پولیس اب کام کرکے دکھائے۔ راولپنڈی، میانوالی اور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں ماڈل پولیسز سسٹم لایا جائے گا۔ تھانہ کلچرکی تبدیلی اور عوامی سہولت کیلئے محکمہ پولیس کو جدید وسائل و سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ویمن سیفٹی ایپ خواتین اور بچیوں کو جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ پولیس افسروں کوعوام میں احساس تحفظ کے فروغ اور انکے مسائل کے حل کیلئے جذبہ حب الوطنی سے کام کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار نے ہاکی اولمپیئن عبدالرشید جونیئرکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔