اسلام آباد(وقائع نگار) سی ڈ ی اے کی ہدایات پر شہر میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے بھر پور کاروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں شہر بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن کیے جا رہے ہیں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ گزستہ روز سیکٹر جی 15،جی الیون،ایف بارہ،ملپور اور ایچ نائن کے علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کئے گئے۔ان آپریشنز میں شعبہ انفورسمنٹ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد، پولیس سمیت متعلقہ شعبہ جات کے دیگر عملے نے حصہ لیا،جبکہ آپریشن کیلئے شعبہ ایم پی او کی ہیوی مشنری کا بھی استعمال کیا گیا۔ملپور میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 2کمرے،8 چار دیواریاں اور بیت الخلاکو مسمار کرکے 5سے 6کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران سیکٹر ایف 12 میں 2کمرے ،واٹر ٹینک اور 1بلاک فیکٹری کو مسمار کیا گیا۔سیکٹر جی الیون میں آپریشن کے دوران سرکاری راضی پرلگی فنس،چاردیواریاں،تعمیر شدہ غیر قانونی کمرے اور شیڈز مسمارکئے گئے۔ سیکٹر جی 15 میں آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر تجاوزات مسمار کی گئیں۔ایچ نائن مین دوران آپریشن رمشا کالونی سے 2 زیر تعمیر دیواروں کو مسمار کیا گیا،جبکہ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران ضبط شدہ سامان سی ڈی اے کے اسٹور میں جمع کروادیا گیاہے۔