کراچی (نیوز رپورٹر) اسپارک کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ’’بچوں کے حقوق‘‘ کے بارے میں سیمینار سے مشیر وزیر اعلیٰ سندھ ریاض شاہ ، منیجر اسپارک سندھ زاہد محمود ، شمائلہ مزمل، کاشف مرزا، عائشہ فیض، کنیز فاطمہ، رابعہ عابد، پروفیسر فرح اقبال، سید غضنفر علی نے اظہار خیال کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ سندھ ریاض شاہ نے کہا کہ ہمارے بچوں میں بہت ٹیلنٹ ہے ہمارے بچے ہی ہمارا مستقبل اور حال ہیں۔ ہمیں ہر سطرح پر ان کا خیال رکھنا ہے ۔ سندھ حکومت نے بچوں کے حقوق کے لئے کافی قانون سازی کی ہے اور جوابھی جاری ہے ۔ سندھ وہ واحد صوبہ جہاں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادی کا قانون منظور کیا ۔ انہوں نے اسپارک کے بچوں کے لئے کی جانے والی جدوجہد کی تعریف کی ۔ منیجر اسپارک سندھ زاہد محمود نے کہا کہ اسپارک 1992ء سے بچوں کے حقوق کے لئے کام کررہا ہے اس سلسلہ میں ہمارے ساتھ بچوں نے بھی اپنے حقوق کے لئے بہت جدوجہد کی ۔ سینکڑوں بچوں نے حکومتی ارکان کو خطوط لکھے۔ ایس ایم پبلک اسکول کی طالبہ عائشہ فیض نے کہا کہ آج بھی سینکڑوں بچے اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ ہمیں ان کے لئے بھی آواز بلند کرنا ہوگی۔ حیدرآباد سے آئی ہوئی طالبہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ ہمارے حکمران بچوں کے حقوق کے لئے بُری باتیں کرتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا۔ طالبہ رابعہ عابد نے کہا کہ حکمرانوں کو بنائے گئے قوانین پر سختی سے عمل کرانا ہوگا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں عمدہ اشعار بھی پیش کیئے۔ شمائلہ مزمل نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہم کچھ عرصہ پروگرام نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑوں کو بچوں کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت ان کی رائے ضرور لینی چاہیے اور بچوں کو بھی بڑوں کا احترام کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ایس ایم پبلک اسکول نارتھ ناظم آباد کے طلباء و طالبات نے ’’اسپارک ‘‘ کی تعلیم آگہی کے سلسلہ میں نہایت عمدہ ٹیبلو پیش کیئے جسے حاضر ین نے سراہا۔ حارث جدون نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر سینئر صحافی عبدالصمد تاجی، حسنہ قریشی ودیگر نے بھی شرکت کی۔
ریاض شاہ