پی سی بی کا بابراعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی  کپتانی بھی سونپنے کا فیصلہ

Nov 05, 2020

 اسلام آباد ((سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائٹ بال کپتان بابراعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان سمیت ممکنہ کھلاڑیوں پر حتمی مشاورت اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے اور ٹیسٹ کپتان کے بارے میں 9 نومبر کی میٹنگ میں پی سی بی کے حکام کی جانب سے بورڈ آف گورنرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔پی سی بی کے بڑوں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد بابراعظم نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کی تیاری کرلی ہے لیکن چیئرمین پی سی بی احسان مانی اس سے قبل موجودہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے ساتھ ایک میٹنگ کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب انڈر 19 کپتان روحیل نذیر کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستانی ٹیسٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کے مجوزہ کھلاڑیوں کی لسٹ کی منظوری سے پہلے ایک بار پھر ٹیم کوچز اور سلیکٹرز مشاورت کریں گے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے 35 رکنی سکواڈ کی منظوری لی جائے گی۔چیف سلیکٹر کی حیثیت سے مصباح الحق اور ان کی سلیکشن کمیٹی آخری مرتبہ قومی ٹیم منتخب کرے گی۔ 35 کھلاڑیوں کے ساتھ 18 سے 20 رکنی ٹیم مینجمنٹ بھی نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرے گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

مزیدخبریں