اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)بوسنیا، ہرزیگووینا میں عہدہ صدارت کسی فرد کے بجائے تین رکنی صدارتی کونسل کے سپرد ہوتا ہے۔ تینوں ارکان کو باری باری، آٹھ ماہ کیلئے کونسل کی سربراہی کا موقع ملتا ہے۔گورنینس فیصلہ سازی اور پالیسی سازی میں تمام لسنای اور مزھبی اکائیوں کی شرکت کو بھرپور بنانے کیلئے یہ دلچسپ اور قدرے پیچیدہ نظام وضع کیا گیا ہے۔ پریزیڈنسی کے تین ارکان میں سے ایک بوسنیا، دوسرا کروٹ اور تیسرا سرب اکائی سے چنا جاتا ہے۔ پریزیڈنسی کی مدت چار برس ہوتی ہے اور کوئی بھی رکن صرف دو بار اس ادارے کیلئے منتخب کیا جا سکتا ہے۔ شفیق جعفرووچ اس وقت بوسنیا ہرزگووینا کی پریزیڈنسی کے چئیرمین ہیں اور اسی حیثیت میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔