اسلام آباد: وفاقی وزیرشفقت محمود کی زیرصدارت صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم اور دیگرحکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔
اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈا پر مشاورت ہوگی اور کورونا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق اہم فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
تعلیمی سال اپریل سے اگست منتقل کرنے پر مشاورت اور آٹھویں کلاس کے بورڈ امتحانات پر بھی غور ہوگا۔ اجلاس میں اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز تسلسل کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں۔
وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے پہلے ہی بتا دیا ہے کہ پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن اسکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بھی اسٹاف، طلبا اور اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ روزانہ کی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم صورتحال قابو میں ہے۔
خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کورونا کیسز کے پیش نظر موسم سرما کی تعطیلات مقررہ وقت سے پہلے کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کو قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔