خصوصی بچوں کیلئے’مسکن‘ کو عالمی معیار کا ادارہ بنایا جائیگا:یاور عباس

Nov 05, 2021

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کے مرکز ’مسکن‘ کو عالمی معیار کا ادارہ بنایا جائے گا یہ حکومت کا ایک ’ بے بی سٹیپ ‘ ہے اور اس ماڈل کا دائرہ کار صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔ ’ مسکن ‘ کے لئے آئی ایس او سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے گا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ’مسکن‘ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسکن میں سپیشل بچوں کی رہائش، تعلیم و تربیت اور بحالی کا کام کیا جائے گا۔ اس کار خیر میں نجی شعبے کو بھی ہاتھ بٹانا چاہیئے۔ تقریب میں صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر، سنیئر نائب صدر رحمان عزیز چن، نائب صدر وارث حبیب اور’ مسکن ‘کی چیئر پرسن آمنہ آفتاب نے شرکت کی۔ وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ معاشرے کو سپیشل افراد کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر غیر سرکاری تنظیموں کے فلاحی کاموں میں تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے ،تاہم شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیاست ایک سوشل ورک ہے جبکہ نیکی کا عزم دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔  صدر لاہور چیمبر آف کامرس نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کا ادارہ ’لیبارڈ‘ سپیشل افراد کے علاج اور بحالی کا کام کر رہا ہے۔

مزیدخبریں