لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے نیب کیسوں میں پلی بار گین کرنیوالے سرکاری ملازمین کو عہدوں سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب کو تازہ رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیدیا، درخواست گزار وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالت کے روبرو وفاقی حکومت کی جمع کروائی گئی رپورٹ پرانی ہے ،عدالت تازہ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے، عدالت سے استدعا ہے کہ پلی بارگین کرنیوالے افسران بارے رپورٹ طلب کی جائے، نیب کے سیکشن 15 کے تحت پلی بار گین کرنے والا شخص سزا یافتہ تصور کیا جاتا ہے ، پنجاب سے 195 سرکاری ملازمین نے پلی بار گین کی لیکن کسی کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، حکومت پلی بارگین کرنے والے ملازمین کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کر رہی،استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پلی بارگین کرنے والے سرکاری افسران کو معطل کر کے محکمانہ کاروائی کا حکم دے۔
ہائیکورٹ،پلی بارگین کرنیوالوں کے بارے میں نئی رپورٹ جمع کرانے کا حکم
Nov 05, 2021