لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘خصوصی رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے ’’دیوالی‘‘ کا تہوار جوش و خروش سے منایا۔ لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب کرشنا مندر راوی روڈ میں منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ ہندو برادری نے دیوالی کی مناسبت سے دیئے روشن کئے۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور شرکاء میں خصوصی تحائف تقسیم کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں ہندو برادری کو دیوالی پر مبارک باد دی ہے۔ علاوہ ازیں حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی گئی۔ انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری‘ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف‘مریم نواز و دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی۔ سابق کرکٹر شاہد آفریدی‘ اداکارہ ارمینا خان‘ اداکار خالد عثمان بٹ نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک دی ہے۔