لاہور +گوجرانوالہ+ وزیر آباد (خصوصی رپورٹر +نمائندہ خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعہ ٹی ایل پی سے کالعدم کا سٹیٹس ہٹانے کی سمری منظور کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد سمری کابینہ ارکان کو بذریعہ سرکلر بھجوائی تھی۔ پنجاب حکومت سمری کی منظوری کے بعد اب وفاق سے ٹی ایل پی پر پابندی ہٹانے کی سفارش کریگی۔ سمری کے حق میں کم ازکم 18 وزراء کی حمایت درکار تھی، وزراء کی مطلوبہ تعداد نے سرکولیشن سمری پر پابندی ہٹانیکی منظوری دی۔ پنجاب کابینہ کی تحریری سفارشات کی روشنی میں بعد وفاقی حکومت (وزارت داخلہ ) متوقع طور کالعدم کا اسٹیٹس ہٹانے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔ علاوہ ازیں پنجاب سب کیبنٹ کمیٹی امن وا مان کے اجلاس میں 100 مزید کالعدم تنظیم کے کارکن رہا کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کالعدم تنظیم کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ 7 اے ٹی اے کے تحت درج چار ایف آئی آرز سے بھی نام خارج کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
پنجاب کا بینہ : ٹی ایل پی سے کا لعدم کا سٹیٹس ہٹانے کی سمری منظور
Nov 05, 2021