اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے سعودی عرب نے 38 ملین ڈالر ڈیزاسٹر ریلیف کے لئے فراہم کئے۔ ہائوسنگ منصوبے کے لئے 55 ملین ڈالر، سکولوں کے لئے پانچ ملین ڈالر، مساجد کے لئے 13 ملین ڈالر کے عطیات دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 11271 مکانات تعمیر کئے گئے، 9800 افراد اس منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ بلوچستان کے 10 اضلاع میں ریلیف پیکیج تقسیم کیا جائے گا جن میں بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، قلات، مستونگ، ہرنائی، لورالائی، چاغی شامل ہیں۔ تر جمان سعودی سفارتخانہ کے مطابق ہرنائی کے 10 ہزار زلزلہ متاثرین گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ عقیدے پر مبنی سیاسی، معاشی اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی۔ علاوہ ازیں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، جہاں سرمایہ کاروں کو تحفظ حاصل ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ صنعتیں ترقی کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا۔ انٹرپرینیور آرگنائزیشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری بڑھی ہے، صنعتی اور زرعی شعبہ میں انقلابی اقدامات کے باعث لوگوں کی آمدن میں 37 فیصد اضافہ ہوا۔ آج ہمارا کسان خوشحال ہے۔ فواد چوہدری نے بھارت کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کے حوالے سے طنزیہ ٹویٹ کیا۔ انہوں نے ٹی 20 میمز کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کہا ہے کہ بھارت اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے اگر وہ جعلی ای میل نیوزی لینڈ کو بھیجے اور پھر نیوزی لینڈ سکیورٹی خدشات پر یو اے ای سے ایونٹ ادھورا چھوڑ کر چلا جائے۔
سکیورٹی خدشات، بھارت جعلی ای میل نیوزی لینڈ کو بھیج کر سیمی فا ئنل میں پہنث سکتا ہے: فواد چو دھری
Nov 05, 2021