عثمان بزدار نے ایک لاکھ اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیدی

Nov 05, 2021

لاہور (نیوزرپورٹر+خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عامر جان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال اور اتحادی معاملات کو احسن انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کے حالات اسی صورت میں بہتر ہوں گے بشرطیکہ فوری اقدامات کیے جائیں، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، عمران خان ملکی معاملات کو احسن انداز سے آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے حکومت کو ہر معاملے میں کو بھرپور سپورٹ کرتے رہے ہیں ان شاء اللہ آئندہ بھی کریں گے۔ عوام کی بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے معیشت میں بہتری بہت ضروری ہے۔ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے لیکن موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کی تکالیف دور کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اس کے حل کیلئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے آنا چاہئے۔ ملکی حالات کا تقاضا ہے عام آدمی کے حالات کو بہتر بنایا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ڈیلیور کیا جائے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے، اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، ہمارا پاکستان مسلم لیگ سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ کو شریک کیا گیا ہے۔ عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں مختلف محکموں میں ایک لاکھ خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ایک لاکھ آسامیوں پر بھرتی صرف اور صرف میرٹ اور مجوزہ تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر ریکروٹمنٹ پالیسی کے مطابق ہو گی۔ میرٹ، تعلیم اور تجربے کی بنیادپر بھرتی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں ایک لاکھ آسامیوں پر بھرتیوں کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔عثمان بزدار نے ایڈ ہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کاحکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایڈہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے خالی آسامیوں پر بھرتی کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 33 ہزار خالی آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 16 ہزار آسامیاں پر کی جائیں گی۔محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں 12 سو، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں 2900, ہائیئر ایجوکیشن میں 2600, کالج ٹیچر انٹرنز کی 3500، سول ڈیفنس میں 1200، محکمہ جیل خانہ جات میں 4,300 اور پٹواریوں کی 4800 آسامیوں پر مرحلہ وار بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس اور بارڈر ملٹری پولیس میں بھی 12 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کا یہ سفر ایک لاکھ نوکریوں سے شروع ہورہا ہے۔ انتظامی بنیادوں پر ٹرانسفر پوسٹنگز صوبے کے چیف ایگزیکٹو کا اختیار ہے۔ جو افسر پرفارم نہیں کرے گا، اسے سیٹ پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ تحریکِ انصاف نوکریوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ کالعدم تنظیم کے قانونی معاملات عدالتیں جبکہ انتظامی امور حکومت کی ذمہ داری ہیں۔حکومت پنجاب نے امن عامہ کے قیام کے لیے دھرنوں کے بعد سب سے پہلے مذاکراتی کمیٹی بنائی اور امن کے لیے پہل کی۔ ہمارے 5 پولیس اہلکاروں نے عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ گزشتہ روز اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے سینئر صحافی قدرت اللہ چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور،حلقوں میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں اورترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پربات چیت ہوئی۔ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے تاریخ ساز ریلیف پیکیج کااعلان کیاہے۔120ارب روپے کے ریلیف پیکیج سے 2کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔پاکستان کی تاریخ میں عوامی ریلیف کے اتنے بڑے پیکیج کاآج تک اعلان نہیںہوا۔اپوزیشن ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنا چاہتی ہے ،شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں۔ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔دوسری جانب عثمان بزدار کی ذاتی دلچسپی سے تحصیل کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے میں بسنے والے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ حل ہو گیا ہے اور تحصیل کوہ سلیمان کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بڑی سہولت مل گئی ہے-تحصیل کوہ سلیمان کے رہائشی اب ریجنل پاسپورٹ آفس تونسہ شریف سے بھی پاسپورٹ بنوا سکیںگے۔تحصیل کوہ سلیمان کے رہائشی پہلے ریجنل پاسپورٹ آفس ڈیرہ غازی خان سے پاسپورٹ بنوا سکتے تھے ۔عثمان بزدار سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ملاقات کی، جس میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پولیس شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فرض کی خاطر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء ہمارا فخر ہیں۔ حکومت پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں