لاہور (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہر معاملے میں کیڑے نکالنا سیاسی مخالفین کا مشن بن چکا ہے۔120 ارب روپے کا ریلیف پیکج حکومت کا غریبوں کیلئے تاریخی اقدام ہے۔ انشاء اللہ عوام کو تمام مسائل سے نجات دلائیں گے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کر نا چاہیے۔ حکومت ٹکرائو نہیں سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے۔ (ق) لیگ سمیت تمام اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ ہیں۔ الیکشن 2023ء میں ہی ہوں گے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں مختلف اضلاع سے آنیوالے تحریک انصاف کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں ملکی اور عوامی مفادات کی بجائے ذاتی اور سیاسی مفادات کو تر جیح دیتی ہیں۔ اس لیے اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کے معاملے پربھی رکاوٹیں ڈال رہی ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں اور انکو تشدد کے نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سو فیصد درست ہے کہ نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارتی افواج نے کشمیریوں کیخلاف مظالم کو تیز کر دیا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ جو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اور خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل کل نہیں آج لازم ہو چکا ہے۔
گورنر پنجاب