کراچی (نیوزرپورٹر) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے لئے بنائے گئے میری ٹائم پٹرول ویسل پی ایم ایس ایس کولاچی کی بیڑے میں شمولیت کی باقاعدہ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک مہمان خصوصی تھے جبکہ اعلی فوجی، سویلین حکام، سابق ڈی جی پی ایم ایس اے اور عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل نے تقریب میں شرکت کی۔ پی ایم ایس ایس کولاچی بحری قانون نافذ کرنے والے آپریشنز کو مثر طریقے سے انجام دینے کے لیے جدید ترین مشینری، حسب ضرورت آلات اور ہتھیاروں سے لیس ہے۔ اس موقع پرریئر ایڈمرل محمد شعیب ہلال امتیازملٹری، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اپنے خطبہ استقبالیہ کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ ابھرتے ہوئے میری ٹائم چیلنجز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات اور قومی ذمہ داریوں کے پیش نظر، پی ایم ایس اے کی طرف سے تجویز کردہ صلاحیت بڑھانے کے منصوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے منظور کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ایس اے فلیٹ میں جدید ترین جہاز کی شمولیت ایک منفرد اہمیت کا حامل واقعہ ہے کیونکہ کولاچی پاکستان میں تعمیر کیا جانے والا سب سے بڑا پی ایم ایس اے جہاز تھا۔ جہاز کے اضافے سے ہمارے خصوصی معاشی زون اور سی پیک کے تحفظ کے لیے پاکستان اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی صلاحیتوں اور عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے پی ایم ایس اے کے نہ صرف قومی دائرہ اختیار اور خودمختاری کو نافذ کرنے بلکہ میری ٹائم زون میں پاکستان کے اقتصادی مفادات کے تحفظ کے عزم پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں ریئر ایڈمرل اطہر سلیم ہلال امتیازملٹری۔ ایم ڈی کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے حاضرین کو پراجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں پی ایم ایس اے کو جہاز کی تاریخی شمولیت اور کمیشننگ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کووڈ-19 کے شدید نامساعد حالات کے باوجود جہاز کی تعمیر اور شمولیت کے دورانPMSA،M/S CSTCاور KS&EW کی ٹیموں کے جوش و جذبے اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے جہاز کی اضافی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیاخاص طور پر ہیلی کاپٹر لینڈنگ ڈیک جو نہ صرف پی ایم ایس اے کی رسائی میں اضافہ کرے گا بلکہ پی ایم ایس اے کو تفویض کردہ کرداروں اور کاموں کی تکمیل میں بھی مدد کرے گا۔ وزیر دفاع نے روشنی ڈالی کہ کوویڈ 19 کے مشکل وقت میں اس طرح کے میگا پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل دونوں ممالک یعنی پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں بلکہ پاکستان کے بحری اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے جہاز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں پی ایم ایس ایس کولاچی کے کمانڈنگ آفیسر نے جہاز کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر دفاع نے جہاز اور عملے کے معیار اور صلاحیتوں کو سراہا۔
جہاز شامل