اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ) چین میں پاکستانی سفیر معین الحق نے ای چھانگ فرسٹ میڈیکل ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کے اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ووہان میں چائنا تھری گورجز کارپوریشن(سی جی ٹی)کے ہیڈ کوارٹر میں ای چھانگ پیپلز فرسٹ میڈیکل ہسپتال کی میڈیکل ٹیم کے اعزاز میں ایک ایوارڈ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ طبی ٹیم کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں ایک سال سے زائد خدمات انجام دینے کے بعد حال ہی میں پاکستان سے ہوبی واپس پہنچی ہے۔ سفیر معین الحق نے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر صوبہ ہوبی کے سینئر رہنماوں اور حکام کے ساتھ شرکت کی۔ اپنے ریمارکس میں سفیر معین الحق نے میڈیکل ٹیم کے ہر رکن کو ایک چمکتا ہوا ستارہ اور چین پاکستان دوستی اور یکجہتی کا سفیر قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے دلوں کو چھونے والی ان کی بے لوث اور وقف خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ سفیر نے پاکستان میں ہائیڈرو پاور کے اہم منصوبوں کو انجام دینے اور خاص طور پر کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران کام کے تسلسل اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے پر CGT کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی جی ٹی کے اسسٹنٹ صدر ہانگ وین ہا نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی پیشرفت اور پاکستان میں کووڈ 19 وبا کی روک تھام اور کنٹرول میں ای چھانگ ہسپتال کی میڈیکل ٹیم کے تعاون کے بارے میں بتایا۔ بعد ازاں سفیر معین الحق کی جانب سے میڈیکل ٹیم کے ارکان کو خصوصی تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔