لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم اپنے اگلے میچ کیلئے سڈنی سے ایڈیلیڈ پہنچ گئی۔پاکستانی سکواڈ آج ہفتہ ایڈیلیڈ اوول میں ٹریننگ سیشن کرے گا۔قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن دوپہر 2سے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔قومی ٹیم کے نائب کپتان آل راﺅنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کےخلاف میچ میں کنڈیشن دیکھ کر منصوبہ بنائیں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں سادہ منصوبہ بنایا تھا، کوئی خاص حکمت عملی نہیں بنائی تھی۔جیت بہت اہم تھی، جیت جیت ہوتی ہے۔ دوسری ٹیموں کے نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں، ٹی ٹونٹی میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کنڈیشن دیکھ کر منصوبہ بنائیں گے۔ کوچنگ سٹاف نے جیت کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔ اپنی طرف سے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے ۔ آل راﺅنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ امید ہے اگر کوئی نتیجہ ہمارے حق میں ہوجائے تو ہم آگے جاسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے بعد ٹیم کا مورال کافی بلند ہے، یہ جیت ہمارے لیے بہت ضروری تھی، اب نظریں اگلے میچ پر ہیں۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کوشش کی کہ پارٹنر شپ قائم کریں، شاداب خان نے شاندار پرفارمنس دی۔مینجمنٹ نے پوری ٹیم کا مورال بلند رکھا ہے، ہم اپنے اگلے میچ پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ دعا کریں گے کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے، جنوبی افریقہ کےخلاف کامیابی سے مورال بلند ہوا۔ ٹی ٹونٹی بہت تیز گیم ہے، کبھی کبھی آتے ہی تیز کھیلنا پڑتا ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف جیت کیلئے میدان میں اتریں گے ۔
قومی کرکڑز ایڈیلیڈ میں ٹریننگ سیشن، بنگلہ دیش کیخلاف فتح کیلئے حکمت عملی تیار
Nov 05, 2022