وزیر آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم نوید کے محلے داروں نے کہا ہے کہ نوید خاموش طبیعت کا مالک تھا۔ پوری دنیا میں اس نے ہمارے گاؤں سوہدرہ کا نام بدنام کر دیا ہے۔ وہ محلے میں کم ہی اٹھتا بیٹھتا تھا۔ نوید پلمبر کا کام کرتا تھا۔ دو کمسن بیٹے ہیں۔ ملزم نوید کے اہل خانہ سے پولیس تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم نوید کی اہلیہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وقوعہ کے روز شوہر مجھے دھونکل میں واقع ہسپتال لیکرگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل پر ہم پی ٹی آئی کے استقبالیہ کیمپ کے قریب سے گزرے تھے تو استقبالیہ کیمپ میں اونچی آواز میں میوزک بجانے پر شوہر کو غصہ آگیا تھا۔ ملزم کی بیوی کا کہنا تھا کہ نوید نے بڑبڑاتے ہوئے میوزک بجانے والوں کو برا بھلا بھی کہا تھا۔